بھارتی اداکارہ رنگ گورا کرنے والی کریموں کیخلاف اٹھ کھڑی ہوئی
ممبئی:گزشتہ برس خواتین کے حقوق پر بنائی گئی فلم 'پنک'میں اداکاری کرنے والی بولی وڈ کی معروف اداکارہ تاپسی پنوں رنگ گورا کرنے والی کریموں کیخلاف اٹھ کھڑی ہوئیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق فلم 'پنک'میں بہترین پرفارمنس دینے کے بعد تاپسی کو مختلف،ایوارڈ شوز،تقاریب میں مدعو کیا جاتا ہے اوروہ ان پارٹیز میں شرکت بھی کرتی ہیں۔
لیکن حال ہی میں بھارتی ریاست جے پور میں ہونے والی ایک تقریب کا دعوت نامہ تاپسی نے یہ کہہ کر واپس کردیا کہ اس تقریب کو رنگ گورا کرنے والی کریم کی کمپنی اسپانسر کررہی ہے۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق تاپسی خواتین کے حقوق کے لیے کافی سرگرم رہتی ہیں اور اپنے خیا لات کا اظہار کرنے سے کبھی نہیں گھبراتیں۔
انہوں نے کہا کہ دعوت نامہ واپس کرنے کا مقصد یہ تھا کہ وہ کسی بھی ایسے ایونٹ کو سپورٹ کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کے مطابق رنگ گورا کرنے والی کریموں کی کوئی حقیقت نہیں ہوتی اور وہ اس طرح کی چیزوں پر یقین نہیں رکھتیں۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کافی فلموں سے صرف سانولا رنگ ہونے کی بناء پر ہاتھ دھونے پڑے لہٰذا وہ کسی قیمت پر رنگ گورا کرنے والی کریموں کی تشہیر نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ فلم 'پنک' کی کہانی 3 لڑکیوں کے گرد گھوتی ہے جنہیں کچھ افراد کی جانب سے ہراساں کیا جاتا ہے اور ان پر حملہ کیا جاتا ہے،جبکہ فلم میں بولی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے وکیل کا کردار ادا کیا تھا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔