ثناءاللہ زہری وزیر اعلیٰ بلوچستان نامزد

اپ ڈیٹ 10 دسمبر 2015 05:25pm

12

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف نے نواب ثناء اللہ زہری کو نیا وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کر دیا۔ نواز شریف کہتے ہیں بلوچستان ان کے دل کے قریب ہے۔ توقع ہے کہ نئے وزیراعلیٰ صوبے میں امن کو یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں مری معاہدے پرعملدرآمد کے حوالے سے اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں محمود خان اچکزئی، میر حاصل بزنجو ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار،، وزیر داخلہ چوہدری نثار ، خواجہ سعد رفیق، وزیر اطلاعات پرویز رشید ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وزیرا علیٰ بلوچستان عبدالمالک نے شرکت کی۔

مری معاہدے پرعلمدرآمد کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے مشورے سے وزیراعظم نواز شریف نے بلوچستان میں مسلم لیگ ن کے صدر ثنا اللہ زہری کو وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے قریب ہے توقع ہے کہ نئے وزیراعلیٰ صوبے میں امن کو یقینی بنائیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے مکمل تعاون کرے گی۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ، اورسردار ثنا اللہ بلوچ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔