پاکستان میں سارہ خان کا تجربہ کیسا رہا؟ جانئے دلچسپ واقعات
ممبئی:پاک بھارت کشیدگی معمول کی بات ہےگزشتہ کئی عرصے سے دونوں ممالک تناؤ کا شکار ہیں اور اس کا اثر نہ صرف دیگر معاملات پر بڑا بلکہ فنکار وں پر بھی پڑا۔
بھارتی اداکارہ سارہ خان جو حالیہ پاکستانی ڈرامے میں جلوہ گر ہوئیں اور ان تمام حالات کے باوجودپاکستان آئیں اور ایک اور پاکستانی ڈرامے میں بھی کام کیا۔ پاکستانی عوام کی جانب سے انہیں بیحد پسند کیا گیا اور سارہ بھارت کے ساتھ پاکستان میں بھی اپنے مداح بنانے میں کامیاب ہو گئیں۔
لیکن شاید بھارتی میڈیا کو ان کا پاکستان کی تعریف کرنا پسند نہیں ،پنک ولا کے مطابق گزشتہ چند دن پہلے سارہ کے حوالے سے یہ خبر آئی تھی کہ وہ کاغذات مکمل نہ ہونے کے باعث جیل میں ہیں لیکن سارہ نے اپنے ہی میڈیا کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'وہ کسی جیل میں نہیں بلکہ بھارت میں موجود ہیں اور انہیں پاکستان میں کسی نے پریشان نہیں کیا بس معمول کے سوالات پوچھ کر چھوڑ دیا اس معاملے کو زیادہ بڑھا چڑھا کر نہ پیش کیا جائے'۔
بھارتی جریدے کو دئیے گئے انٹرویو میں سارہ خان نے پاکستان میں اپنے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارےاور ان کے کام کرنے میں زیادہ فرق نہیں ہے ،ہمارا میک اپ نیچرل ہوتا ہے ،پاکستان میں کام کرکے مجھے احساس ہوا کہ حقیقی مناظر کی عکس بندی بہت ضروری ہوتی ہے ،پاکستان میں بھارتی فنکاروں کو بہت عزت د ی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں کوئی بھی بھارت مخالف یا دہشت گرد نہیں ہے ،وہاں کے بارے میں گردش کرنے والی تمام افواہیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں ،میری بہت سے لوگوں سے ملاقات ہوئی جو انڈیا اور بولی وڈ سے محبت کرتے ہیں ،وہاں کے سینما گھروں میں ہماری فلمیں چلتی ہیں،اور ٹی وی میں ہمارے ڈرامے دکھائے جاتے ہیں۔
پاکستان میں امیگریشن والے واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے سارہ کا کہنا تھا کہ ،امیگریشن آفیسر نے کہا آپ سارہ خان ہیں بھارتی اداکارہ ،جب ماہرہ خان باآسانی انڈیا نہیں جاسکتی اور انہیں واپس بھیج دیا گیا تو ہم آپ کو کیسے اتنی آسانی سے جانے دیں ،یہ صرف ایک ہی واقعہ تھا جو میرے ساتھ وہاں پیش آیا باقی میرا پاکستان میں گزارا گیا تمام وقت بہت اچھا تھا۔
واضح رہے کہ سارہ خان پاکستان میں ڈرامہ سیریل "بے خودی " میں کام کرچکی ہیں جبکہ ایک اور ڈرامے"لیکن"میں اپنی اداکاری کا جادو دکھا رہی ہیں۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔