معیشت کی بحالی کے حوالے سے بہت کام کیا ہے،احسن اقبال

شائع 16 جنوری 2016 06:08pm

ahsan

لاہور:وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے کل قومی رہنماوٴں کو اقتصادی راہداری کے حوالے سے اعتماد میں لیا ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ اقتصادی راہداری منصوبوں کی ترقی میں پیش پیش ہوں گے۔

ایکسپو سینٹر لاہور میں پاکستان کوٹنگ شو دوہزار سولہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بیسویں صدی نعروں کی صدی تھی،اکیسویں صدی اقتصادی نظریات کی صدی ہے۔ حکومت کے ویژن دوہزار پچیس کا مقصد پاکستان کو پچیس بڑی معیشتوں میں شامل کرنا ہے اور یہ کام ایکسپورٹس میں اضافے سے ہی ممکن ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا حکومت نے سکیورٹی اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے بہت کام کیا ہے۔ اب چھ ارب ڈالر ذرمبادلہ کے ذخائر اکیس ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں،دو سال قبل جو میڈیا پاکستان کو دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دے رہا تھا،اب وہی اسے ایشیا کی ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہا ہے۔ حکومت عنقریب میڈ ان پاکستان برانڈ کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا ٹاک شوز کے ذریعے ڈپریشن پھیلانا بند کرے اور لوگوں کو امید دلائے۔