سندھ حکومت پر صفائی کے ناقص نظام پر تنقید

شائع 18 جنوری 2016 01:55pm

izhar

کراچی:سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن کا کہناہے کہ صفائی کا نظام درست کرنا اکیلے وزیراعلیٰ کے بس کی بات نہیں پوری سندھ کابینہ کووزیربلدیات لگانا ہوگا۔

سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ پورا سندھ باالخصوص کراچی کچرے کا ڈھیربن چکا ہے،وزیراعلیٰ سندھ کے دورے سے نکاسی آب اورصفائی کا نظام درست نہیں ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اپنی سمت درست کرے تو ایم کیو ایم تعاون کے لیے تیارہے۔

اپوزیشن لیڈرنے نصرت سحرعباسی کومشورہ دیا کہ وہ شہری اوردیہی سندھ کا فرق ختم کردیں توسندھ اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن پیپلزپارٹی کوٹف ٹائم دے سکتی ہے۔ فنکشنل لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحرعباسی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اگربھرپوراپوزیشن کا کردارادا کرے تو حکومت سندھ کوٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

نصرت سحرعباسی کا کہنا تھا کہ تھرمیں معصوم بچے لقمہ اجل بن رہے ہیں وزیراعلیٰ سندھ گٹرکی سیاست میں مصروف ہیں انہوں نے کہاکہ صرف کراچی ہیں نہیں لاڑکانہ خیرپورسمیت پورا صوبہ گندگی کاڈھیربن گیا ہے۔