کیسے پائیں چمکدار دانت؟

شائع 21 جنوری 2016 10:37am

12575864_970071683079561_1091621224_n
سفید اور چمکدار دانت سب کو اچھے لگتے ہیں پیلے دانت ہماری شخصیت اور خوبصورتی پر اثر انداز ہوتے ہیں اس لئے ہمیں چاہئے ہم دانتوں کی باقائدہ حفاظت کریں ۔اگر آپ کی صحت اچھی ہوگی تو آپ کے دانت بھی اچھے اور صحت مند ہونگے۔

دانتوں کو صاف رکھنے کے لئے کیا کیا جائے ، یہ آج ہم آپ کو بتائیں گے۔دانتوں کی حفاظت کے لیے چند گھریلو ٹوٹکے درج ذیل ہیں ۔

٭دانت صاف رکھنے کے لئے نمک اور کھانے کا سوڈا ملا کر دانت برش کریں ۔
٭اگر دانتوں سے خون آرہا ہو تو دانتوں پر شہد اور روغن زیتون ملا کر دانتوں پر ملنے سے خون آنے کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔
٭دانتوں سے نکو ٹین کے پیلے داغ دور کرنے کے لئے اپنے دانت سوڈا بائی کاربونیٹ سے مانجھیں۔
٭لیموں کاچھلکا دانتوں پر ملنے سے دانتوں کی پیلا ہٹ اور چائے کے دھبے دور ہو جاتے ہیں ۔
٭دانت چمکانے کے لئے کوئلے کا سفوف اور جلی ہوئی روٹی کی راکھ بھی مفید ہے۔

اس کے علاوہ دانتوں کی روز مرہ صفائی ان کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے بہت ضروری ہے اور ساتھ ہی انہیں بیماریوں سے بچانے کے لئے یہ بات بھی ضروری ہے کہ اپنی خوراک میں وٹامن اور معدنیات ضرور شامل رکھیں خصوصاََ وٹامن سی جو مسوڑھوں کی صحت کے لئے نہایت ضروری ہے۔

دانتوں کو صحت مند رکھنے کے لئے ان کی ورزش بھی بہت ضروری ہے اپنی غذاﺅں میں تازہ اور سخت پھلوں کو شامل کر لیں اور انہیں بغیر چھیلے اور بغیر کاٹے دانتوں کی مدد سے کھالیں گنڈیریاں چوسنا دانتوں کے لئے سب سے مفید ورزش ہے ان سے دانتوں کی ورزش بھی ہوتی ہے اورصفائی بھی ۔

روزانہ صبح اور رات کو سونے سے پہلے برش کرنا اپنا معمول بنا لیں اور برش کرتے وقت صحیح سے اوپر اور نیچے کی جانب برش کو گھمائیں اورا س کے علاوہ وہاں خلال بھی کریں جہاں تک برش نہیں پہنچ پاتا ۔

دانتوں کو سب سے زیادہ نقصان میٹھی چیزوں سے ہوتا ہے اگر میٹھی چیزیں کھا کر برش نہ کیا جائے تو مٹھاس کی تہہ دانتوں پر جم جاتی ہے اور جم کر تیزابیت پیدا کرتی ہے اور دانتوں کی حفاظتی جعلی کو تباہ کر کے رکھ دیتی ہے اس لئے میٹھا کھانے کے بعد ہمیشہ کم سے کم کلی ضرور کریں اپنے دانتوں پر کبھی بھی زرد یا سیاہ رنگ کا میل جمع نہ ہونے دیں ورنہ پائیوریا کا پیش خیمہ ثابت ہونگے۔