یک طرفہ بیانات سے رینجرز کو متنازع بنایا جارہا ہے،چوہدری نثار
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے رینجرزکے اختیارت کے حوالے سے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کردی۔
انہوں نے کہا گزشتہ تین دن سے یک طرفہ بیانات سے رینجرز کو متنازع بنایا جارہا ہے،اور یہ سب کچھ صرف ایک شخص کی وجہ سے کیا جارہا ہے، پورا کراچی آپریشن اس ایک شخص کے مفاد کی نذر نہ کیا جائے، وزیراعظم کی واپسی پر تمام معاملہ ان کے سامنے رکھا جائے گا۔
وزیرداخلہ نے انکشاف کیا کہ سابق صدرآصف علی زرداری نے سابق آرمی چیف جنرل کیانی کی موجودگی میں سیکیورٹی ایجنسیز کے بارے میں تلخ بات کی جس پر ان کی زرداری صاحب سے تلخ کلامی ہوئی تو وزیراعظم نے معاملہ رفع دفع کرایا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ رینجرز آپریشن کے حوالے سے زرداری صاحب کو اختلاف ہوسکتا ہے لیکن مسئلہ کو تماشا بنانا کسی کے مفاد میں نہیں، کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو میٹنگ میں بات کریں،بیانات دینا درست نہیں،انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا بڑی محنت سے کراچی میں امن قائم ہوا، محنت رائیگاں نہیں جانے دیں گے، کچھ لوگ آپریشن ختم اور رینجرزکو بیرکوں میں واپس بھجوانے کی کوشش میں ہیں۔ کراچی آپریشن کو ڈی ٹریک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ وفاق کے پاس رینجرزکواختیارات دلانے کے لیے اوربھی راستے ہیں۔
دوسری جانب وزیرداخلہ نے کچھ وارننگز بھی دے ڈالیں، کہا الزامات لگتے رہے تو ڈاکٹر عاصم کا ویڈیو بیان منظر عام پرلائیں گے۔ چوہدری نثارنے کالے اورسفید کو تحریری شکل میں سامنے لانے کی بھی دھمکی دے دی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ رینجرزآپریشن کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔ سندھ حکومت نے جے آئی ٹی من پسند افراد کی بنائی۔انہووں نے مزیدکہا کہ اسی روش پرچلتے رہے تو چار پانچ آپشن دوں گا۔ جس پرکراچی کو تحفظ دے سکتے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ایم کیوایم تحفظات کے باوجود کراچی آپریشن کے حق میں ہے،ایم کیوایم کو کراچی کے حالات کی بہتری سے دلچسپی ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔