ایم کیو ایم نے9 رکنی سپریم کونسل قائم کردی

شائع 31 جنوری 2016 07:31am

mqm-flag-h

کراچی:ایم کیو ایم نے الطاف حسین کی منی لانڈرنگ کیس میں ممکنہ گرفتاری کی صورت میں نو رکنی سپریم کونسل قائم کردی ہے، ندیم نصرت کو رابطہ کمیٹی کا مستقل ڈپٹی کنوینر مقرر کردیا گیا۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت فروری کے پہلے ہفتے میں ختم ہو رہی ہے، ممکنہ ہنگامی صور ت حال سے نمٹنے کیلئے الطاف حسین کی زیرصدارت ایم کیو ایم کا ہنگامی اجلاس لندن میں ہوا، اجلاس میں ندیم نصرت کو رابطہ کمیٹی کا مستقل کنوینر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایم کیو ایم کے قائد نے فیصلے کی توثیق کردی۔

الطاف حسین نے نو رکنی سپریم کونسل بھی تشکیل دے دی ، سپریم کونسل کسی بھی غیرمعمولی صورتحال اور الطاف حسین کی فوری عدم موجودگی کی صورت میں پارٹی انتظامات سنبھالے گی۔ سپریم کونسل میں کنوینر ندیم نصرت، سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار، بیرسٹر فروغ نسیم، سینیٹر نسرین جلیل، کنور نوید، روف صدیق، بابر غوری، کشور زہرہ اور افتخار حسین قریشی شامل ہیں۔