علاؤالدین خلجی کون تھا؟
بے شمار تنازعات اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد فلم 'پدماوت' گذشتہ ہفتے ریلیز ہوگئی۔ اس فلم میں دکھایا گیا ایک کردار علاؤالدین خلجی کا ہے جسے رنویر سنگھ نے ادا کیا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں یہ علاؤالدین خلجی دراصل کون تھا؟ اگر آپ نہیں بھی جانتے ہوں تو کوئی بات نہیں آج ہم آپ کو اسی کے بارے میں بتانے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکا یا سنجے کا سَر لاؤ اور 5 کروڑ لے جاؤ
فلم 'پدماوت' میں رنویر سنگھ نے جس شخص کا کردار ادا کیا ہے، فلم میں بتایا گیا ہے کہ وہ نیلی آنکھوں اور لمبے بالوں والا ایک حاکم تھا جو ایک انتہائی ضدی، وحشی، عیار، مکّار، جنگلی جانور اور بدکردار شخص تھا۔
حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم 'پدماوت' میں اس شخص کو ایک مکروہ اور بے ڈھنگے کپڑے پہننے کا شوقین بتایا گیا ہے جو ایک مشہور ڈرامہ سیریل 'گیم آف تھرونز' کے کردار کھال ڈروگو کی طرح کچا گوشت کھاتا ہے۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ علاؤالدین خلجی چتوڑ گڑھ کی رانی پدماوتی کے حسن کو حاصل کرنے کے لئے حملہ کردیتا ہے لیکن رانی محل کی کئی خواتین اور بچیوں سمیت قابض خلجی سے بچنے کے لئے آگ میں کود جاتی ہے۔
یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ فلم 'پدماوت' کا مرکزی خیال 1540ء میں لکھی گئی نظم 'پدماوتی' سے لیا گیا ہے۔ اس نظم کے خالق صوفی شاعر ملک محمد جائسی ہیں۔ اس داستان کو علاؤالدین خلجی کے تقریباً 200 سال بعد لکھا گیا۔
تاریخ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ رانی پدماوتی ایک تخلیاتی کردار ہے۔ علاؤ الدین خلجی نے جب چتوڑ کو فتح کیا تو ان کے ساتھ معروف موسیقار امیر خسرو بھی تھے۔ تاہم اس وقت امیر خسرو سمیت کسی کی بھی لکھی ہوئی تاریخ میں اس قصے کا کوئی تذکرہ نہیں ملتا۔
یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ فلموں میں پہنے جانے والے 10 مہنگے ترین لباس
اب فلمی دنیا سے ذرا باہر کی بات کرلی جائے، علاؤالدین خلجی حقیقت میں ایک صاحب استقلال اور خداداد عسکری قیادت کے مالک ایک بہادر اور بلند ہمت سپاہی تھے۔
انہوں نے منگولوں کو ایک مرتبہ نہیں بلکہ پانچ مرتبہ شکست سے دوچار کیا۔ وہ ایک نہایت مہذب حکمران تھے۔ وہ ذات کا ترک تھے اور اپنے چچا اور دہلی کے سلطان جلال الدین خلجی کی طرف سے کڑہ شہر کے حاکم تھے۔
ان کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے سب سے طاقتور سلطان تسلیم کئے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں بازار میں موجود ہر چیز کی ایک قیمت مقرر کرکے اس پر سختی سے عمل درآمد کروایا۔
علاؤالدین خلجی کی وفات کے بعد بھی ہندوستانی ایک طویل عرصے تک ان کے عہد کو یاد کیا کرتے تھے۔ فلم 'پدماوت' میں ان کے کردار کے ساتھ بے حد ناانصافی کی گئی ہے، ان جیسے معروف حکمران کے کردار کو توڑ مروڑ کر دکھایا گیا ہے۔
اس فلم میں ان کے کردار کی ہر طرح سے منفی عکاسی کی گئی ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اس فلم کو بنانے میں ہندو انتہا پسندی سے کام لیا گیا ہے۔ تاہم اب جو بھی ہو اس کردار کومسخ کرکے پیش کرنے والے افراد تاریخ کو جوابدہ ہوں گے۔
فلم 'پدماوت' ایک فنکارانہ جوہر ضرور ہے مگر مسلمان حکمرانوں کو جابر اور عیاش دکھانے کی ان کی کوشش مایوس کن ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔