الیکشن کمیشن کا پنجاب کے تیئس اضلاع کیلئے شیڈول جاری

شائع 12 دسمبر 2015 02:19pm

12

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے تیئس اضلاع کی مختلف یونین کونسلز میں دوبارہ انتخابات کے لئے شیڈول جاری کر دیے۔ صوبے کی اڑسٹھ یونین کونسلز میں پولنگ سترہ دسمبر کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تین مراحل میں مختلف اضلاع کی بیشتر یونینز کونسلز میں انتخابی میٹریل بروقت نہ پہنچنے، دھاندلی کے الزامات اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی۔ اب ان یونین کونسلز میں دوبارہ پولنگ سترہ دسمبر کو ہو گی۔ دوبارہ انتخابات میں صرف وہی امیدوار حصہ لے سکیں گے جن کو پہلے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے لئے انتخابی نشان الاٹ کر دیئے گئے تھے۔

سترہ دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی تیرہ اور وارڈ کونسلز کی پچپن نششتوں پر انتخاب ہو گا۔ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی یونین کونسل دو سو اکتیس میں چیئرمین اور وائس چیئرمین جبکہ یونین کونسل چھیاسی، ایک سو باسٹھ، ایک سو پچاسی اور ایک سو ترانوے کی مختلف وارڈز میں کونسلر کے انتخابات ہوں گے۔ میونسپل کارپوریشن ملتان کی یونین کونسل اٹھاون اور ڈسٹرکٹ کونسل کی یو سی ایک سو چار میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب ہو گا۔