پی آئی اے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال

شائع 07 فروری 2016 06:31am

pia

اسلام آباد:پی آئی اے ہڑتالی عملہ کام پر واپس آنے لگا ہے۔ فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے دوبوئنگ طیارے عمرہ زائرین کو واپس لانے کے لیے جدہ روانہ ہوگئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کے عملے کی تعریف اور عزم ناقابل فراموش قرار دیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے آپریشن کی بحالی کے لیے حکومتی کوششیں رنگ لے آئیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے احتجاجی عملے کی واپسی کے بعد فلائٹ آپریشن شروع ہوگیا ہے۔ قومی ائیرلائن کا بین الاقوامی آپریشن جزوی طور پربحال ہوگیا ہے، مسافروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی دو پروازیں پی کے741 اورپی کے7329 اسلام آباد بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ بھیجی گئی ہیں۔

دونوں بوئنگ 777 طیاروں کے عملے کا تعلق پی آئی اے سے ہے۔ پی آئی اے کی دونوں پروازوں سے تقریباً آٹھ سو عمرہ زائرین کو وطن واپس لایا جائے گا۔ عمرہ زائرین کے لیے پی آئی اے کے تمام شعبوں نے ٹیم کے طور پر کام کیا۔ پی آئی اے اپنے مسافروں کی دیکھ بھال کے لیے ہرممکن اقدام کررہی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی ہڑتال کی وجہ سے معزز مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے پی آئی اے کے عملے سے درخواست کی ہے کہ دفاتر واپس آئیں اور فرائض انجام دیں۔ آپریشن کی جزوی بحال پر حکومت نے بیرون ملک پھنسے ہم وطنوں کی واپسی کے لیے پی آئی اے اسٹاف کے عزم کوسراہا ہے۔