لاہور: فائرنگ سے زخمی ہونیوالا شخص جاں بحق

شائع 09 فروری 2016 05:22pm

lahore

لاہور:لاہور میں دو گروپوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا دوسرا بھائی بھی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ لواحقین نے لاش فیروزپورروڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔

پولیس کے مطابق سمن آباد میں دو روز قبل دو گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کے نتیجے میں گھر کی چھت پر کھڑے دو سگے بھائی زد میںآ گئے۔ فائرنگ سے اٹھارہ سالہ صفدر علی موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کے بھائی بہادر علی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ لواحقین نے نوجوان کی لاش کے ہمراہ فیروزپورروڈ پر دھرنا دیا اور سڑک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔

ایس پی عمر ورک کا کہنا تھا کہ تھانہ سمن آباد میں مقدمہ درج ہے،دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دو کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

بعد ازاں پولیس افسران نے مظاہرین سے دوبارہ مذاکرات کئے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔