سانحہ پشاور پر تقریب ،سیاسی اور عسکری قیادت کی شرکت
پشاور:سانحہ اے پی ایس پشاور کا ایک سال مکمل ہونے پر آرمی پبلک اسکول میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں وزیراعظم، آرمی چیف، سیاسی و عسکری قیادت اور شہدا کے ورثا سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکا نے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔
سانحہ اے پی ایس کی پہلی برسی پر پروقار تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب میں وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور سیاسی و عسکری قیادت سمیت شہیدوں کے اہلخانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں طلبا نے سانحہ میں شہید ہونے والے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مارچ کیااورطلبا نے ہاتھوں میں شہید بچوں کی تصاویر اٹھائی ہوئی تھیں۔
اے پی ایس کے طلبا نے شہید ساتھیوں کی یاد میں تقاریر کیں اور قلم کے ذریعے دہشتگردوں کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران سانحہ میں شہید ہونے والے ایک سو سینتالیس شہدا کے ورثا میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔شہدا میں ایک سو بائیس طالبعلم، بائیس اسٹاف اور تین فوجی جوان شامل ہیں، آرمی چیف کی جانب سے شہدا کے ورثا کو ڈی ایچ اے میں پلاٹس بھی دیئے گئے۔
تقریب میں شریک بچوں کے والدین جہاں اپنے لخت جگر کو یاد کر کے بعض مواقع پر آبدیدہ ہو گئے وہیں وہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے انتہائی پرعزم بھی نظر آئے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔