کوروناوائرس:پنجاب میں لاک ڈاؤن 16ویں روز بھی جاری

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2020 08:32am
فائل فوٹو

کورونا وائرس کے تدارک کیلئے پنجاب میں لاک ڈاؤن 16 ویں روز بھی جاری ہے،دفعہ 144پر عملدرآمد کیلئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاپنگ مالز، مارکیٹیں، بازار اور دکانیں لاک ڈاؤن کے باعث آج بھی بند ہیں ۔

حکومت پنجاب نے جنرل اسٹورز، کریانہ اسٹورز اورسبزی کی دکانیں شام 5بجے جبکہ گوشت کی دکانیں رات 8بجے بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ شہریوں کو لاک ڈاؤن پرعمل کرنا چاہیئے جبکہ حکومت کوغریبوں کے مسائل کو نظر میں رکھنے کی بھی ضرورت ہے،غریبوں تک حکومت کی اعلان کردہ مدد نہیں پہنچ رہی۔

لاہور سمیت پنجاب بھر کی شاہراوں پر لاک ڈاؤن اور دفعہ 144کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر قانون نافذ کرنے والے ادارے سختی سے عملدرآمد کرواتے نظر آرہے ہیں۔

پنجاب میں لاک ڈاؤن:8بڑے صنعتی اداروں کو کام کرنے کی اجازت

دوسری جانب حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن کے دوران حفاظتی اقدامات کے ساتھ 8بڑے صنعتی اداروں کو کام کرنے کی اجازت دے دی۔

لاک ڈاؤن کے دوران پنجاب کی معیشت پر پڑے والے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے متعدد صنعتی شعبوں کی بحالی کا فیصلہ کیا۔

حکومتی اجازت کے بعد حافظ آباد میں زرعی آلات تیار کرنے والی فیکٹریوں میں بھی کام شروع کر دیا گیا ہے، فیکٹریاں کھلنے پر کئی روز سے بیروزگار مزدور کام پر لوٹ آئے۔

فیکٹری مالکان نے اجازت ملنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبوں کی بندش کی وجہ سے وہ سخت پریشان تھے۔

گندم کی کٹائی کیلئے جدید زرعی آلات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں، حکومتی اجازت کے بعد زرعی آلات تیار کرنے والی فیکٹریوں میں معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے جس سے مالکان اورمزدوروں کا روز گار بحال ہوا تو وہیں اسکے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔