پنجاب بھر میں دھند کا راج،فلائٹ آپریشن معطل
لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کا راج رہا،لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا،حد نگاہ صفر ہونے پر موٹروے اور جی ٹی روڈ کو بند کیا گیا،دھند میں کمی پر بحال کردیا گیا۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات سے پڑنے والی دھند کا سلسلہ صبح تک جاری رہا،لاہور،گوجرانوالہ،حافظ آباد،پتوکی،ساہیوال،خانیوال، ملتان، لودھرا ں،مظفرگڑھ،راجن پور اور وہاڑی سمیت مختلف علاقوں میں حد نگاہ صفر سے دس میٹر تک رہ گئی۔
دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ پر رات دو بجے سے فلائٹ آپریشن معطل رہا،جس کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا،مدینہ،دوہا،جدہ اور ابوظہبی کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو،ایم تھری،ایم فور اور جی ٹی روڈ کو بند کیا گیا،دھند میں کمی پر بحال کردیا گیا۔
موٹر وے حکام کی جانب سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا جلد امکان نہیں ہے،جس کے باعث دھند کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔