صحت سے متعلق میگا منصوبے شروع کرنیکی ہدایت
File Photoاسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف نے صحت سہولیات کے میگا منصوبے پر کام شروع کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے ملک بھر میں انتالیس جدید ترین ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے اصولی منظوری دیدی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کو صحت شعبے کے خصوصی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں چھ ، چھ سو بستروں کے تین ہسپتال قائم کرنے کی منظوری دی۔
ملک کے دیگر شہروں میں پانچ ، پانچ سو بستروں والے دس ہسپتال اور اڑھائی، اڑھائی سو بستروں کے بیس ہسپتال قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، ان ہسپتالوں کی ترجیحی تعمیر ان شہروں میں ہوگی جہاں غریب عوام کو زیادہ فائدہ ملے اور جہاں ان کی ضرورت زیادہ ہو، اس میں بلوچستان، اندرون سندھ، جنوبی پنجاب ، خیبرپختونخوا اور فاٹا کے شہر اورمقامات شامل ہوں گے۔
وزیراعظم نے راولپنڈی میں گزشتہ پانچ برس سے زیر التوء گائنی ہسپتال کے تعمیراتی کام کی فوری بحالی کا حکم دیا اور یہ ہدایت بھی کی یہ ہسپتال اٹھارہ ماہ میں مکمل کیا جائے، اس ہسپتال کیلئے فنڈز کی فراہمی وفاقی حکومت کرے گی ۔
وزیراعظم نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں سو ، سو بستروں کے چار سے پانچ ہسپتال بنانے حکمت عملی کی بھی ہدایات کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اقتصادی ترقی کے زیادہ سے زیادہ ثمرات عوام تک پہنچائے گی، جدید ہسپتالوں کے اس عظیم منصوبے میں ڈیڑھ سال کے اندر زیادہ سے زیادہ ہسپتال بنائے جائیں۔












اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔