پی ٹی آئی آج کرپشن کیخلاف احتساب مارچ کرنے جا رہی ہے

شائع 03 ستمبر 2016 06:01am

پی ٹی آئی آج کرپشن کیخلاف احتساب مارچ کرنے جا رہی ہے/فائل فوٹو پی ٹی آئی آج کرپشن کیخلاف احتساب مارچ کرنے جا رہی ہے/فائل فوٹو

لاہور:پاکستان تحریک انصاف آج لاہور میں کرپشن کیخلاف احتساب مارچ کرنے جارہی ہے۔ ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے جبکہ روٹس کی سیکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر قیادت آج حکومت کیخلاف احتساب مارچ کیا جائے گا۔ عمران خان کے خطاب کیلئے کنٹینر تیار کیا جاچکا ہے جبکہ خواتین کے لئے الگ فلوٹ بنائے گئے ہیں۔

 تحریک انصاف کا مارچ  شاہدرہ چوک سے شروع ہوگا جو بھاٹی چوک، ناصر باغ اور ہائیکورٹ چوک سے ہوتا ہوا چیئرنگ کراس پہنچے گا۔

روٹ کے راستوں پر عمران خان چار مقامات پر خطاب کریں گے اور عید کے بعد کے اپنے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کریں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتساب کیلئے اگر رائیونڈ میں مظاہرہ بھی کرنا پڑا تو دریغ نہیں کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت کے مطابق مختلف ایجنسیز کی جانب سے لاہور اور پشاور کیلئے الرٹس جاری کئے گئے ہیں جن سے پی ٹی آئی کو آگاہ کرکے ریلی ملتوی کرنے کی تحریری درخواست کی گئی ہے۔

تحریک انصاف کی ریلی کیلئے لاہور پولیس کے پانچ ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی پر معمور ہوں گے،فول پروف سیکیورٹی کیلئے 8 ایس پیز، 20 ڈی ایس پیز72 ایس ایچ اوز اور 200 سے زائد دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔

پی ٹی آئی کی احتساب ریلی کی قیادت کیلئے عمران خان گذشتہ رات لاہور پہنچ چکے ہیں۔