مہمند ایجنسی: خودکش حملہ، جاں بحق افراد کی تعداد تئیس ہوگئی

شائع 16 ستمبر 2016 02:28pm
File Photo File Photo

غلنئی :مہمند ایجنسی میں مسجد میں خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد تئیس ہوگئی جبکہ  متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

آج نیوز کے مطابق خودکش حملہ مہمند ایجنسی کی انبار تحصیل میں نمازے جمعہ کے دوران ہوا جس سے فوری طور پر پندرہ افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے جبکہ کئی زخمی ہیں۔ تاہم اب جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر تئیس ہوگئی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ ڈاکٹرز کے مطابق زخمیوں میں پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوری بعد مسجد کی چھت کا ایک حصہ نمازیوں پر گر گیا اور تاحال بھی ملبے تلے افراد کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مقامی قبائلی رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دھماکا بھی انتہاپسندوں کی جانب سے ہی کیا گیا ہے کہ کیونکہ ان کیخلاف مزاحمت کیلئے رضاکاروں کی ایک فورس تیار کی گئی ہے جس نے  حال ہی میں ایک درانداز کو نشانہ بنایا ہے اور یہ حملہ اس کارروائی کے بعد ہی کیا گیا ہے۔