وزیر اعظم اور عمران خان کی جانب سےمسجد میں خود کش حملہ کی مذمت

شائع 17 ستمبر 2016 06:13am
فائل فوٹو فائل فوٹو

انبار :مہمند ایجنسی میں نمازجمعہ کے موقع پر مسجد میں ہونے والے خود کش حملے میں5 بچوں سمیت28 افراد شہید اور31 زخمی ہوگئے۔

 صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اور چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس بار دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی کی تحصیل انبار کے علاقے پٹو میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔مسجد میں نماز جمعہ کا اجتماع جاری تھا کہ خودکش حملہ آور نے دھماکا کرڈالا،16 نمازی موقع پر ہی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا،تاہم وسائل کی کمی اور اسپتال دور ہونے کے باعث کئی زخمی راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

باجوڑ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر خار میں لائے گئے 22 زخمیوں میں دو بچے بھی شامل تھے،5شدید زخمیوں کو پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچا دیا گیا۔

پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ اور کمانڈنٹ ایف سی نے باجوڑ اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزیراعلیٰ پرویز خٹک،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔