وزیراعظم کے دورہ امریکا میں ملاقاتوں کا باضابطہ آغازآج سے ہوگا

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2016 08:22am
فائل فوٹو فائل فوٹو

نیویارک:وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا میں ملاقاتوں کا باضابطہ آغازآج سے ہوگا۔

 وزیراعظم  چینی ہم منصب لی کیکوانگ ، سعودی عرب کے نائب فرمانروا شہزادہ محمد بن نائف اور امریکی وزیرخارجہ سے آج ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم کی پہلی ملاقات امریکی وقت کے مطابق 9 بجے امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے ہوگی ، جس میں دوطرفہ تعلقات و دلچسپی کے امور زیربحث آئیں گے ۔

 جس کے بعد وزیراعظم نوازشریف نیوزی لینڈ کے اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے ۔

 گیارہ بجے وزیراعظم اپنے چینی ہم منصب لی کیکوانگ سے ملاقات کریں گے جس میں سی پیک ، خطے کی سیکیورٹی ، دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 وزیراعظم اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق اجلاس سے خطاب بھی کریں گے ۔

 جس کے بعد نوازشریف سعودی عرب کے نائب فرمانروا شہزادہ محمد بن نائف بن عبدالعزیزسے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امورزیر بحث آئیں گے۔