امریکااوربرطانیہ مسئلہ کشمیرکےحل کیلئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں،پاکستان
فائل فوٹونیویارک:پاکستان نےامریکا اور برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔
وزیراعظم نوازشریف نے کشمیر پرسلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل نیویارک میں برطانوی وزیراعظم ٹریزامے اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیراعظم نوازشریف سے ون آن ون ملاقات کی۔
ملاقات میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز،معاون خصوصی طارق فاطمی اورسیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نوازشریف نے برطانوی ہم منصب ٹریزامے کو مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیااور کہا کہ برطانوی وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کے عوام پرظلم وستم بند کرانے میں کردارادا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کو کشمیر کے حوالے سے کئے گئے وعدوں سے بھاگنے نہیں دے گا،عالمی برادری کی ذمہ داری ہے بھارت پر ریاستی مظالم بند کرنے کیلئے زور دے۔
برطانوی وزیراعظم نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردارکو سراہا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برطانوی ترقی میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں حالیہ بھارتی مظالم سے107 شہری شہید ہوئے، وادی میں بھارت انسانیت کی بدترین خلاف ورزی کر رہا ہے۔
سابق امریکی صدر کلنٹن نے مسئلہ کشمیر حل کروانے کا وعدہ کیا تھا، موجودہ امریکی انتظامیہ یہ مسئلہ حل کروانے کے لیے آگئے آئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کے لیے ہمیشہ آگے بڑھ کر کام کیا۔ کامیاب آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمیشہ اخلاقی ذمہ داری سمجھ کر لڑی ہے۔
جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی فورسز کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ خطے میں امن وسلامتی کے لیے پاک افغان مفادات مشترکہ ہیں،جان کیری نے حکومت پاکستان کی اقتصادی و سماجی پالیسیوں کو بھی سراہا۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔