ملکہ شراوت حملے میں بال بال بچ گئیں
پیرس:بولی وڈ کی معروف اداکارہ ملکہ شراوت گزشتہ ہفتے چند نقاب پوشوں کی جانب سے کئے جانے والے حملے میں بال بال بچ گئیں۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکارہ پر حملہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں کیا گیا جہاں گزشتہ 6 ہفتے قبل ہالی وڈ اداکارہ اور رئیلٹی ٹی وی اسٹار کم کرڈشیان پر حملہ ہوا تھا۔
40 سالہ ملکہ گزشتہ جمعے کی شام اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ پیرس میں موجود اپنے اپارٹمنٹ میں واپس آرہی تھیں کہ 3 نقاب پوش آدمی وہاں آئے اور ان سے لوٹ مار کرنے کی کوشش کرنے لگے۔
ملکہ نے بہادری دکھاتے ہوئے ان میں سے ایک نقاب پوش کو اس وقت دھکا دیا جب وہ ان سے پرس چھیننے کی کوشش کررہا تھا۔
ملکہ کے دوست اور ہمسائے نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے واقع کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملکہ اور ان کے بوائے فرینڈ اپنی کار سے باہر آئے اور اپنی بلڈنگ میں داخل ہوئے اسی وقت 3 نقاب پوش آدمی ان کی طرف آئے اور ان پر حملہ کردیا۔
انہوں نے دونوں پر آنسو گیس کاا سپرے کیا اور ملکہ کے بوائے فرینڈ کو مارنا شروع کردیا ،اسی دوران ملکہ نے چیخنا چلانا شروع کردیا ،جس کے باعث وہ تینوں بھاگ گئے۔
ملکہ نے پولیس کو واقع کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی چوری نہیں ہوا ،تاہم وہ صدمے میں ہیں۔
یہ ایک اتفاق ہی ہے کہ یہ حادثہ ہالی وڈ اسٹار کم کرڈشیان والے حادثے سے 4.3 کلومیٹر دور ہوا جہاں ان سے ڈاکو تقریباً 10 ملین کے زیورات لوٹ کر لے گئے تھے،فرنچ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ملکہ کااصل نام ریما لامبا ہے،لیکن انہیں شہرت ان کے فرضی نام ملکہ شراوت سے حاصل ہوئی ہے ،ان کے کیرئیر میں متعدد فلمیں 'آپ کا سرور'اور'ویلکم'وغیرہ شامل ہیں۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔