معروف اداکار شان کی وزیر اعظم سے اپیل
لاہور:پاکستان کے صف اول کے فنکاروں میں شمار ہونے والے معروف اداکار شان شاہد نے پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے شائستہ لہجے میں درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستانی فلموں کی نمائش کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔
انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میری وزیراعظم سے مودبانہ گزارش ہے کہ"سر اگر آپ بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کے لیے کمیٹی تشکیل دے سکتے ہیں تو مہربانی کرکے ایک اور کمیٹی تشکیل دیجئے جو پاکستانی فلموں کی بھارت میں نمائش کو یقینی بنائے"۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کلچر صرف امپورٹ(درآمد)کرنا نہیں بلکہ ایکسپورٹ(برآمد)کرنا بھی ہے۔
"ایک پاکستانی شان شاہد"
واضح رہے کہ شان گزشتہ برس بھارت میں پاکستانی فلموں پر لگنے والی پابندی پر بھی خاموش نہیں رہے تھے اس موقع پر انہوں نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا نوجوانوں کو پاکستان سے باہر کام ڈھونڈنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بے پناہ صلاحیت موجود ہے لہٰذا یہ وقت اپنے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانے کا ہے۔
یاد رہے کہ شان متعدد پاکستانی فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں'وار'اور'خدا کے لیے'قابل ذکر ہیں۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔