فلم کی تشہیر نہ کرنے کے باعث کئی بارروئی ہوں،ماہرہ کااعتراف

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2017 10:31am

mahira

ممبئی:شاہ رخ خان کے ساتھ فلموں میں  آنے کا موقع ہر کسی کو نہیں ملتا صرف خوش قسمت خواتین ہی ہوتی ہیں  جنہیں کنگ خان کے ساتھ ہیروئن بننے کا موقع ملتا ہے۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا شمار بھی اُن  خوش قسمت خواتین میں ہوتا ہے،جو شاہ رخ کے ساتھ فلم حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

ماہرہ فلم رئیس میں کام کر کے بے انتہا خوش ہیں  اور اس کا اظہار وہ بارہا کرچکی ہیں ،تاہم ان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب ہندو انتہا پسندوں کی سیاست کے بھینٹ چڑھ گیا۔

ماہرہ  بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے باعث اپنی فلم کی تشہیری مہم میں حصہ نہیں لے پارہی ہیں جس کا انہیں بے انتہا دکھ ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران ماہرہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے  مایوس ہیں کہ ان کی فلم کو پاکستان میں ریلیز کی اجازت نہیں ملی،"میں چاہتی ہوں میرے لوگ میرا کام دیکھیں"۔

انہوں نے کہا کہ میرے دوستوں کا کہنا ہے کہ تم نے فلم میں کام کرلیا کافی ہے ،لیکن یہ فلم میری ذات کا حصہ ہے،میں نے  اس میں کام کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور میں چاہتی ہوں لوگ میرا خون ،پسینہ اور آنسو دیکھیں۔

ماہرہ نے کہا کہ   فنکاروں پر پابندی لگنے سے قبل  تقریباً ہر روز میرے سامنے ایک نیا اسکرپٹ آرہا تھا ،اور پھر پابندی لگنے کے بعد پروڈیوسرز نے مجھے کہا  کوئی اسکوپ نہیں ہے  آپ ڈراموں میں واپس چلی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے آنسو نہیں رک رہے یہ دیکھ کر کہ میں اپنی فلم کی تشہیری مہم میں حصہ نہیں لے پارہی ہوں ،جب فلم کا نیا گانا ریلیز ہوا،سب نے مجھے مبارکباد کے پیغامات بھیجے" جنہیں دیکھ کر میں اپنی کار میں رو پڑی"۔

واضح رہے کہ فلم رئیس کی ریلیز میں اب بس ایک ہی دن باقی ہے،کل یعنی 25 جنوری کو فلم ریلیز ہوجائے گی۔

بشکریہ:انڈین ایکسپریس