اچھے کردار کی پیشکش ہوئی تو پاکستانی فلموں میں ضرور کام کروں گی،شبنم
کراچی:بالوں میں خوبصورت پھول سجائے پاکستان فلم انڈسٹر ی کی ماضی کی اداکارہ شبنم آج بھی اپنی مسکراہٹ سے لاکھوں دلوں پر راج کرنے کی طاقت رکھتی ہیں۔
مقامی جریدے کے مطابق انہوں نے بدھ کی شام کراچی پریس کلب میں شرکت کی اور اپنے چاہنے والوں کے ساتھ تصاویر لینے کے علاوہ ان کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔
ان کے آ س پاس فوٹو گرافرز کا مجمع تھا جو ان کی ایک تصویر لینے کے لیے بے تاب تھے ،پاکستانی فلموں میں دوبارہ کام کرنے کے حوالے سے شبنم بلا جھجھک جوابات دیتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ،اور کھلاڑیوں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی،ہم سرحدوں کے بیچ دوستی کے پُل بناتے ہیں ،میں پاکستان میں 4 برس قبل موجود تھی ،اور دوبارہ یہاں آنے پرمجھے حیرانی ہوئی ہے کہ نوجوان نسل بھی میرے بارے میں جانتی ہے۔
یہ لوگ چاہتے ہیں کہ میں یہاں فلموں میں کام کروں ،اور مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے،اگر مجھے کوئی اچھا کردار (جو مجھے ذہن میں رکھ کر لکھا گیا ہو )آفر ہوا تو میں اس کے بارے میں ضرور غور کرں گی۔
تقریب میں پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار مصطفیٰ قریشی بھی موجود تھے،انہوں نے شبنم کی پاکستان آمد کے بارے میں کہا کہ 'یہ ان کا گھر ہے'،شبنم نے پاکستانی سینما کو اپنی زندگی کے بہترین سال دئیے ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری انڈسٹری کے لیے ٹھیک نہیں،'میں بنگلہ دیش کو سلام کرتا ہوں جہاں بھارتی فلموں کی نمائش نہیں ہوتی۔
قریشی کا کہنا تھا کہ وہ شبنم کی پاکستانی فلموں میں کام کرنے پر آمادگی کاخیر مقدم کرتے ہیں ،اور انہیں دوبارہ فلموں میں کام کرنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
شبنم نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں مزید 7 روز تک موجود ہیں ،اور ان کے چاہنے والوں نے انہیں اتنا مصروف رکھا ہے کہ انہیں بازار جانے کی فرصت بھی نہیں ملی،لیکن کوئی بات نہیں اس طرح آپ سب خوش ہیں،وہ تقریب میں مسکراتے ہوئے تصاویر کھینچوانے کے ساتھ اپنی پرانی تصاویر پر آٹو گراف بھی دیتی رہیں۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔