ابن انشا کوبچھڑے اڑتیس برس بیت گئے
کراچی :اردو ادب کا معتبر نام معروف شاعر اور افسانہ نگار ابن انشا کو دنیا سے رخصت ہوئے آج اڑتیس برس بیت گئے،ان کے تحریر کردہ متعدد سفر ناموں نے عوام میں بے حد پزیرائی حاصل کی۔
پندرہ جون انیس سو ستائیس کو بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والے ممتاز شاعر ابن انشاءسفرنگاری، طنزومزاح، شاعری اور کالم نگاری کا ایک معتبر حوالہ ہیں۔ ان کی اصل پہچان مزاح نگار اور سفر نامہ نگار کے طور پر رہی، آوارہ گرد کی ڈائری، ابن بطوطہ کے تعاقب میں اور دنیا گول ہے ان کے مشہور سفر ناموں میں شامل ہیں۔
ابن انشاءکے شاعری مجموعے چاند نگر اور ''اس بستی کے کوچے میں'' بہت مشہور ہیں، ریڈیو پاکستان اور وزارت ثقافت سے وابستگی کے علاوہ اقوام متحدہ کے مشیر کی حیثیت سے انہوں نے متعدد ممالک کے دورے کئے۔ابن انشاءکی شاعری میں شگفتگی، نغمگی اور موسیقیت کا پہلو نمایاں ہے۔
اردو ادب کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دینے والے ابن انشا گیارہ جنوری انیس سو اٹھتر کو علالت کے باعث لندن میں انتقال کرگئے تاہم ان کی شاعری آج بھی زبان زد عام ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔