پی آئی اے آفس پر ہندو انتہا پسندوں نے دھاوا بول دیا

شائع 14 جنوری 2016 12:49pm

pia

نئی دہلی:نئی دہلی میں پی آئی اے آفس پر ہندو انتہا پسندوں نے دھاوا بول دیا ، عملے کو زد و کوب کیا اور دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کی ، بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق بجرنگ دل سے تھا۔

دہلی کے علاقے برکھامبا روڈ پر موجود نارائن منزل کے پانچویں اور چھٹے فلور پر واقع پی آئی اے کے دفتر کو ہندو انتہا پسند تنظیم کے غنڈوں نے اس وقت نشانہ بنایا جب عملہ کام میں مصروف تھا۔ زرائع کے مطابق حملے کے وقت دفتر میں عملے کے دس سے پندرہ افراد موجود تھے۔ مسلح حملہ آوروں نے عملے کو زد و کوب کیا جبکہ دفتر کی کھڑکیوں کے شیشے اور ریزرویشن کاونٹر کو توڑ دیا ، حملہ آوروں نے دفتر میں موجود کمپیوٹرزاور الیکٹرونک آلات بھی توڑ ڈالے۔ پی آئی اے عملے نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کی دی ، جس کے پہنچنے سے قبل حملہ آورفرار ہوگئے ، عملے کے مطابق حملہ آور پاکستان مخالف نعرے لگا رہے تھے ، ترجمان پی آئی اے کے مطابق دہلی میں موجود عملہ محفوظ ہے ۔

واقعے پر احتجاج کرتے ہوئے ترجمان پاکستان ہائی کمیشن نے بھارت میں موجود پاکستانی دفاتر اور عملے کی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔