مسعود اظہر کی گرفتاری سے متعلق کچھ معلوم نہیں،ترجمان دفتر خارجہ

شائع 14 جنوری 2016 12:59pm

fo-pakistan

اسلام آباد:ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ مولانا مسعود اظہر کی گرفتاری سے متعلق کچھ معلوم نہیں، پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی نئی تاریخ طے کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ قاضی خلیل اللہ ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کے لئے تاریخ کا تعین نہیں ہوا تھا اور سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ طے کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان پیدا ہونے والے تناوٴ پر بات کرتے ہوئے کہا ایران قریبی ہمسایہ ملک ہے اور ہمارے جذبات واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیاء میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور خطے میں دہشتگردی کے خلاف ہے۔

قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ مولانا مسعود اظہر کو حفاظتی تحویل میں لیے جانے کی تصدیق نہیں کر سکتا ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ایران کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کے خواہاں ہیں اور پاکستان چاہتا ہے کہ دونوں ممالک مسائل کو پرامن طریقے سے حل کریں۔ترجمان نے افغان سفیرکی جانب سے اسی فیصد داعش قیادت پاکستان سے آنے کیالزام کومسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قراردے دیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے بے بنیاد الزامات سے افغانستان کو گریزکرنا چاہئے۔