پاک چین اقتصادی راہداری ،مغربی روٹ پر تیزعمل درآمد کافیصلہ

شائع 15 جنوری 2016 04:34pm

nawaz_imagee

اسلام آباد:پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق چاروں وزرائے اعلی پرمشتمل اسٹیرنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں چاروں وزراءہر تین ماہ بعد منصوبے پرپیشرفت کا جائزہ لینگے۔

وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اقتصادی راہداری پرتحفظات دورکرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ پرتیزی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں پاک چین اقتصادی راہداری کی حمایت کریں گی۔

وزیراعظم کی سربراہی میں چاروں وزرائے اعلیٰ پرمشتمل اسٹیرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی کمیٹی ہرتین ماہ میں منصوبے پرپیشرفت کا جائزہ لے گی۔اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ منصوبے کے خلاف نہیں مگرپسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے تمام تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی تو کرائی ہے مگراب بھی اعتماد کا فقدان ہے۔

جماعت اسلامی اوراے این پی کا کہنا ہے کہ ایٹمی منصوبے کے بعد یہ دوسرا بڑا منصوبہ ہے مگرمغربی روٹ کے اکنامک زون کے انفراسٹرکچرکیلئے بلاتعطل بجلی گیس پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سیاسی جماعتوں کا اس بات پراتفاق ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازعہ نہیں بننے دیں گے۔