امریکی نیوی ’بحری قزاقوں‘ کی طرح ایرانی تیل اور جہاز پکڑ رہی ہے: ٹرمپ

ہم ایک طرح سے بحری قزاقوں جیسا کام کر رہے ہیں لیکن ہم کوئی کھیل نہیں کھیل رہے: صدر ٹرمپ
شائع 02 مئ 2026 01:12pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران اپنی ہی بحری فوج کی کارروائیوں پر ایک منفرد تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی بحریہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے دوران قزاقوں کی طرح کام کر رہی ہے۔

جمعہ کی شام فلوریڈا میں کیے گئے اپنے خطاب میں چند روز قبل ایک بحری جہاز کو قبضے میں لینے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے جہاز، اس پر موجود سامان اور تیل سب اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور یہ ایک بہت منافع بخش کاروبار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم قزاقوں کی طرح ہیں، ہم ایک طرح سے بحری قزاقوں جیسا کام کر رہے ہیں لیکن ہم کوئی کھیل نہیں کھیل رہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری اس جنگ کے دوران امریکی فورسز نے ایرانی بندرگاہوں سے نکلنے والے کئی جہازوں سمیت ایشیائی سمندروں میں موجود ایرانی ٹینکروں کو بھی قبضے میں لیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے بھی جنگ کے آغاز سے ہی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تقریباً تمام جہازوں کا راستہ روک رکھا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ نے ایرانی بندرگاہوں کی اپنی سطح پر ناکہ بندی کر دی ہے۔

یاد رہے کہ اس جنگ کا آغاز 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے ہوا تھا، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور ان خلیجی ریاستوں پر حملے کیے جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔

اس جنگ اور سمندری راستوں کی بندش کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی 20 فیصد تیل اور گیس کی ترسیل کا اہم راستہ ہے۔