پانچ مشہور شخصیات جن کی موت کی جعلی خبر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی
انٹرنیٹ اپنے کارناموں کیلئے مشہور ہے ،یہاں لوگ پل بھر میں بادشاہ بن جاتے ہیں اور ہیروز کوسیکنڈوں میں زیرو بنادیاجاتا ہے،انٹر نیٹ ایک بدنام زمانہ قاتل بھی ہے جو اب تک جیتی جاگتی کئی مشہور شخصیات کو مارنے کا دعویٰ کرچکا ہےاور یہ صرف ایک بار نہیں بلکہ کئی بار ہو چکا ہے۔
یہاں ایسی ہی مشہور شخصیات کے بارے میں تفصیلات بیان کی جارہی ہیں جن کے زندہ ہونے کے باوجود ان کی موت کی جعلی خبر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔
عمر شریف
گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر پاکستان کے مزاحیہ اداکار عمر شریف کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں وہ اسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے نظر آرہے تھے،ان کی بیماری کے بارے میں عمر شریف کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں انہیں چیسٹ انفیکشن ہوا ہے جو بہت بڑی بیماری نہیں ہے ڈاکٹروں کے مطابق انہیں جلد ہی گھر بھیج دیا جائے گا ،لیکن اگلے ہی روز عمر شریف کی موت کی خبر نے ان کے مداحوں کو حیران کردیا اور ان کے بیٹے جواد عمر کو وضاحت کرنی پڑی کہ یہ خبر جعلی ہے ان کے والد حیات ہیں۔
انڈر ٹیکر
ریسلنگ کی دنیا کے مایا ناز ہیرو انڈر ٹیکر کی موت کی خبر کئی بار انٹر نیٹ پر وائرل ہوچکی ہے،ساؤتھ ایشیا ء میں کئی لوگوں کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جا چکا ہے کہ انڈر ٹیکر اب اس دنیا میں نہیں رہے ،2014 میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں ان کا مردہ جسم ان ہی کے گھر میں پایا جانے انکشاف ہوا تھا،لیکن یہ تمام باتیں محض افواہ ثابت ہوئیں۔
رون اٹکینسن المعروف مسٹر بین
لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے ہالی وڈ کے لیجنڈری مزاحیہ اداکار مسٹر بین کے بارے میں بھی کئی بار انٹرنیٹ پر موت کی خبر وائرل ہوچکی ہے ،یہاں تک کہ گزشتہ برس جولائی کے مہینے میں ان کے خود کشی کی خبر بھی منظر عام پر آئی تھی ،جبکہ رواں سال مارچ میں ہوائی جہاز حادثے میں ان کی موت کی خبر نے تمام لوگوں کو حیران کردیا تھا لیکن یہ تمام افواہیں جھوٹی ثابت ہوئیں مسٹر بین حیات ہیں۔
برٹنی اسپئیرز
ہالی وڈ کی معروف گلوکارہ اور اداکارہ برٹنی اسپئیرز کا واقعہ اس لیے زیادہ مشہور ہوا کیونکہ میوزک کی دنیا کا ایک معتبر نام "سونی میوزک کمپنی"کی جانب سے ٹویٹر پر ان کی موت کی خبر دی گئی ،بعد ازاں خبر چھوٹی ثابت ہونے کے بعد سونی میوزک کمپنی کو ٹویٹ ہٹا کر لوگوں سے معذرت کرنی پڑی تھی۔
امیتابھ بچن
رواں سال کے آغاز میں بولی وڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کی موت کے بارے میں وائرل ہونے والی خبر نے ان کے مداحوں کو بدحواس کردیا تھا ،جبکہ ان کی اسپتال میں قیام کے دوران لی گئی ایک پرانی تصویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھی لیکن یہ خبر بھی جھوٹی ثابت ہوئی امیتابھ بچن زندہ اور صحت مند ہیں۔





















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔