شادی ہال کے ٹینک سے چھ سالہ بچی کی لاش برآمد

اپ ڈیٹ 01 فروری 2016 08:07am

body-found00000000

کراچی :کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں شادی ہال کے ٹینک سے چھ سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے، بچی چار روز قبل شادی کی تقریب سے لاپتہ ہوئی تھی، اہل خانہ نے الزام عاید کیا کہ بچی کو قتل کرکے لاش پھینکی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون ساڑھے آٹھ نمبر پر شادی ہال سے بچی کی لاش ملی ہے چھ سالہ پاکیزہ چار روز قبل اپنے اہلخانہ کے ساتھ شادی کی تقریب میں گئی تھی،جب تقریب ختم ہوئی تو پاکیزہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔

پولیس اور رینجرز کی نفری شادی ہال پہنچی،جہاں بچی کو تلاش کیا گیا تو اس کی لاش پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی مشتعل اہلخانہ نے شادی ہال کا گھیراو کیا اور پتھراو شروع کردیاجس کے باعث ہال کے شیشے اور کرسیاں ٹوٹ پھوٹ گئیں۔

پاکیزہ کے ماموں کا الزام ہے کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ قتل ہے بچی کو پیٹ پر پتھر باندھ کر پانی کے ٹینک میں پھینکا گیا،اہل محلہ کہتے ہیں کہ اس سانحے میں ہال کا منیجر ملوث ہے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے اور ہال بند ہونا چاہیے۔

پولیس نے واقعے کی تفصیلات اکٹھا کرکے تفتیش کا آغاز کردیا،معصوم پاکیزہ تو جان سے چلی گئی تاہم یہ بات واضح نہ ہوسکی کہ اس کے ساتھ کوئی حادثہ ہوا ہے یا پھر اسے قتل کیا گیا ہے۔