سیاسی اور عسکری قیادت کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس
اسلام آباد:آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اہم اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شرکت کی۔اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا ایک بار پھر عزم ظاہر کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نوازشریف آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور شرکاء کو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والی انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سہولت کاروں کے حوالے سے بتایا گیا۔اجلاس میں پاک افغان سرحدی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پربھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہناتھا کہ ملک میں حتمی امن و خوشحالی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ آپریشن ضرب عضب سمیت انٹیلی جنس آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کہ دہشت گردوں کو بیرونی فنڈنگ اور اندر سے مدد مل رہی ہے۔ پائیدار امن کے لیے مستقل اقدامات کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ پوری قوم اور حکومت فوج اور ایجنسیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پاکستانی افواج نے مادر وطن کو امن کا گہوارا بنانے میں اہم کراد ادا کیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سلامتی کی بہتر صورتحال افواج اور انٹیلی جنس ایجینسیوں کی کاوشوں کا ثمرہے۔
وزیر اعظم نے آ رمی اور انٹیلی جنس کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور قومی سلامی مشیر ناصر جنجوعہ نے بھی شرکت کی۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔