فلم اسٹار میرا عتیق الرحمان کی بیوی قرار

شائع 29 مئ 2018 06:29am

meera1

لاہور: فیملی کورٹ نے 9 سال بعد میرا کے تکذیب نکاح کیس کا فیصلہ سنا دیا، میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا گیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق میرا کا نکاح نامہ حقائق پر مبنی ہے جس کی تصدیق باقاعدہ نکاح خواں نے کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیملی کورٹ نے 9 سال بعد اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ نکاح نامہ حقائق پر مبنی ہے اور اس کی تصدیق نکاح خواں کی جانب سے بھی کی جاچکی ہے۔ عدالت نے 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ سناتے ہوئے میرا کے دعوے کو خارج کیا اور انہیں عتیق الرحمان کی بیوی قرار  دے دیا۔

اس کیس میں ابتداء سے ہی میرا کے وکیل کا مؤقف تھا کہ عتیق الرحمان سستی شہرت کے لئے میرا کا شوہر ہونے کا دعویٰ کررہا ہے جبکہ اس کے پاس یہ بات ثابت کرنے کے لئے کوئی اصل دستاویز موجود نہیں۔

عدالت کا مزید کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان تنازعہ ایک گھر سے پیدا ہوا۔ یاد رہے میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا جس کا فیصلہ گزشتہ روز سنا دیا گیا۔