ملک کےبالائی علاقوں میں بارش اوربرفباری جاری

اپ ڈیٹ 11 فروری 2016 09:49am

rain-snow

اسلام آباد:اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے،محکمہ موسمیا ت نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے،طوفانی بارشوں کے نتیجے میں خیبرپختوانخوا میں مختلف حادثا ت میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔

کل رات سے شروع ہونے والی بارش اور برفباری کے باعث ملک کے بیشتر علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ گلگت بلتستان، چترال ، سوا ت، کوہستان، شانگلا، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ ایباد، ہری پور، مالاکنڈ،دیر،سیدو شریف، گوپس،اسلام آباد، راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔شہری خوبصورت موسم کے مزے لینے میں مصروف ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور اور چترال سمیت مختلف حادثات میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، مری، گلیات، کالام، مالم جبہ اوردیرمیں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان،راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اورکشمیرمیں مزید بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا بھی امکان ہے۔آج ملک میں سب سے زیادہ سردی پارہ چنار ارو کوئٹہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی چارڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔