افسران کو دھمکانے پرنیب کیخلاف کارروائی ہوسکتی ہے ،وزیر اعظم

شائع 16 فروری 2016 02:14pm

sharif_image

بہاولپور :وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ نیب اپنا کام ذمے داری سے کرے، افسران کو ڈرانے دھمکانے پر حکومت کارروائی کرسکتی ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کا بہاولپور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب معصوم لوگوں کے گھروں میں داخل ہوکر کیسز ڈالنے کی کوشش کرتا ہے،چیئرمین نیب ایسی شکایات کا نوٹس لیں، سرکاری افسران کو ڈرانے دھمکانے پر حکومت کارروائی کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی حکومت بناتا ہے اور کوئی اسے توڑ دیتا ہے،حکومت کو کام کرنے کا بھرپور موقع ملنا چاہئے، ملک کو سب کچھ سمجھنے والے کو سات سال ملک بدر رکھنا افسوسناک تھا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی مدت میں بجلی کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کریں گے، قطر کے ساتھ اربوں روپے کے معاہدے ہوئے ہیں،چین پاکستان میں چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈھائی سال پہلے ہم ڈیفالٹ کے کنارے پہنچ چکے تھے،نومنتخب بلدیاتی نمائندوں سے بہت امیدیں وابستہ ہیںاور حکومت بلدیاتی نمائندوں کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔