سندھ اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس اختتام پذیر

شائع 16 فروری 2016 02:19pm

assembly_image

سندھ اسمبلی کا اجلاس آج بھی ہنگامہ خیزی کے ساتھ اختتام پذیرہوا۔ کراچی میں واٹراسکیموں کی تکمیل میں تاخیرکےخلاف قرارداد میں حکومتی ترامیم پراپوزیشن سراپا احتجاج بن گئی۔

کراچی میں پانی کے منصوبوں میں تاخیرکےخلاف اپوزیشن کی قرارداد حکومت کی جانب سے من پسند ترامیم شامل کرکے منظورکرائے جانے کے خلاف ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔

تحریک انصاف کے خرم شیرزمان کی جانب ایوان میں کراچی میں پانی کے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیرکے خلاف قراردادپیش کی گئی۔سینئرصوبائی وزیرنثاکھوڑونے قراردادسے تاخیرکا لفظ حذف کرنے کی ترمیم پیش کی جس کے بعد مراد علی شاہ نے ترامیم تجویزکردیں۔جس پراپوزیشن ارکان کی جانب سے احتجاج شروع کردیا گیا۔

اپوزیشن ارکان نے اکثریت کے بل بوتے پرقراردادہائی جیک کئے جانے کے خلاف اسپیکرڈائس کے سامنے جمع ہوکر نعرے بازی کی اورقرارداد کی کاپیاں پھاڑدی۔اپوزیشن کے احتجاج کے دوران ہی اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا گیا۔