بلوچستان:حساس اداروں کی کارروائیاں ،5دہشتگردہلاک

شائع 19 فروری 2016 07:50am

balochistan-operation

کوئٹہ:بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حساس اداروں نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کرکے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک اور پانچ کو گرفتار کرلیا، دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں حساس اداروں کی گلستان میں کارروائی کے دوران چار دہشتگرد مارے گئے،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں دہشتگرد چمن شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے سڑک کے کنارے بم نصب کر رہے تھے کہ خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ پندرہ منٹ تک جاری رہا، مارے جانے والے دہشتگردوں کے قبصے سے اسلحہ، دستی بم، دیسی ساختہ بم اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، رات گئے ڈیرہ بگٹی کے علاقے اوچ میں ایف سی اور دشتگردوں میں جھڑپ کے دوران ایک دہشتگرد مارا گیا اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا،ایف سی ترجمان کے مطابق دہشتگرد گیس پائپ لائن کو اڑانے کیلئے بم نصب کررہے تھے، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی آر اے سے ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے مستونگ سے چار دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے تین ایس ایم جیز، دو مارک فور ایس، آٹھ ایم ایم پستول اور چونتیس ایس ایم جی راوٴنڈز برآمد کر لیے گئے،ادھر نصیرآباد کے علاقے صحبت پور میں موٹرسائیکل میں نصب بیس کلوگرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔