پٹھان کوٹ ائیربیس حملےکا مقدمہ پاکستان میں درج

شائع 19 فروری 2016 08:30am

phatan-kot-india-att

گوجرانوالہ:بھارت میں ہونیوالے پٹھان کوٹ ائیر بیس حملے کا مقدمہ پاکستان میں درج ہوگیا۔نامعلوم افراد کیخلاف درج مقدمہ میں قتل،اقدام قتل سمیت دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پاکستانی سرحد سے ملحقہ بھارتی ایئر بیس پٹھان کوٹ پر دو جنوری کے حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کو باضابطہ طور پرحملے میں ملوث ملزمان سے متعلق آگاہ کیا گیا اور یہ بتایا گیا کہ حملہ آوروں کے پاکستان میں موجود اپنے ساتھیوں سے رابطے تھے ۔

پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے میں معاونت کرنے کے الزام میں باقاعدہ طور پر ایک مقدمہ گوجرانوالہ کے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ ڈپٹی سیکرٹری وزارت داخلہ کی درخواست پر دفعہ تین سو چوبیس،تین سودو،ایک سو نو اور سیون اے ٹی اے کے تحت درج کیا گیا ہے۔جبکہ نامعلوم افراد کے خلاف درج مقدمے میں قتل،اقدام قتل سمیت دہشتگردی کی دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

پٹھان کوٹ حملے میں سات فوجیوں اور ایک شہری سمیت چودہ افراد مارے گئے تھے۔ کلیئرنگ آپریشن کئی روز تک جاری رہا تھا۔ بھارتی حکام نے پاکستان میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو ملوث قرار دیا تھا، حملے کے چند روز بعد مولانا مسعود اظہر اور ان کے بھائی کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ کئی شہروں میں جیش کے تحت چلنے والے اسکولوں اور مدارس کو بھی سیل کیا گیا تھا۔