ہم نے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ رقم تعلیم پر خرچ کی،عمران خان

شائع 25 فروری 2016 01:22pm

imran-khan

پشاور:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جو حکمران عوام پر پیسہ خرچ نہیں کرتے وہ ملک ترقی نہیں کرتا۔ ہم نے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ رقم تعلیم پر خرچ کی۔

پشاور یونیورسٹی میں اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے ایک بار پھر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ میٹرو اور اورنج ٹرین پر رقم خرچ کرنے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، ہم نے خیبر پختونخوا کے بجٹ میں سب سے زیادہ رقم تعلیم کے لیے رکھی،یہ رقم مزید بڑھا دیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جو حکمران عوام پر پیسہ خرچ نہیں کرتے وہ ملک ترقی نہیں کرتا، قوموں کو لیڈر ہی بناتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں کبھی قوم کا سر نہ جھکنے دیں،خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے، بس لیڈر شپ کی کمی ہے۔