ڈاکٹر عاصم کیخلاف ریفرنس سماعت کیلئے منظور
کراچی:کراچی کی احتساب عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین کے خلاف چارسوباسٹھ ارب روپے کی کرپشن کا ریفرنس سماعت کے لیے منظورکرلیا ہے۔
ریفرنس ڈاکٹرعاصم حسین کے خلاف تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسرضمیرعباسی نے عدالت میں جمع کرایا ہے۔ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ڈاکٹرعاصم حسین نے حکومتی پالیسی کے خلاف گیس کی لوڈشیڈنگ کے نام پرکھاد کیکارخانوں کوگیس کی فراہمی میں کمی کی تھی۔
گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث کھاد درآمد کرنا پڑی اورحکومتی سبسڈی کی مد میں ساڑھے چارسوارب روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم حسین پر کمیشن لینے،منی لانڈرنگ، ٹرسٹ کی زمین کے غلط استعمال اورسرکاری زمینوں پر قبضہ کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ریفرنس میں سابق چیف سیکریٹری اعجاز چوہدری ،ضیاالدین اسپتال کے فنانس ایڈوائزرعبدالحمید، سابق ڈائریکٹر کے ڈی اے اطہرحسین، مسعود حیدرجعفری، اورصفدرحسین بھی ملزمان میں شامل ہیں جنہوں نے قومی خزانے کو چارسوباسٹھ ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔
احتساب عدالت پانچ مارچ سے ریفرنس کی سماعت شروع کرے گی۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔