پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2020 11:02am
فائل فوٹو

لاہور:پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،مختلف مقامات پر ژالہ باری اور نشیبی علاقے زیر آب آنے سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہی ،بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

راجن پور اور بہاولپور میں موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔

 احمد پور سیال، کہروڑ پکا، سمندری، خانیوال، چنیوٹ اور بھلوال میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں بارش کا سلسلہ 24گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے، پشاور میں بادلوں کا راج برقرارہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دیر زیریں 40، بالائی 27، پشاور سٹی 28، ائیر پورٹ 24، سیدو شریف 28، چراٹ 24، بالاکوٹ، چترال 21، میرکھانی 20، مالم جبہ ،کاقول17،پٹن 16، پاراچنار، کالام 14، تخت بھائی 08، بنوں 07 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔