بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ اور گولہ باری،بچہ شہید،4شہری زخمی

اپ ڈیٹ 13 اپريل 2020 09:49am
فائل فوٹو

راولپنڈی :لائن آف کنٹرول (ایل اوسی)پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 2سالہ بچہ شہید جبکہ خاتون سمیت 4شہری زخمی ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارت نےجنگ بندی معاہدےاوربین الاقوامی کنونشنزکی دھجیاں بکھیردیں،بھارتی فوج نے چری کوٹ ،رکھ چکری ،بروہ اور ڈھڈنیال سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ  کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھاری فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کی گئی،بھارتی فوج نے جان بوجھ کر ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزیوں پربھرپورجوابی کارروائی کی گئی اور پاک فوج نے مؤثراندازمیں ان بھارتی چوکیوں کونشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی علاقوں میں فائرنگ کی جارہی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی گولہ باری سے ڈھڈنیال کا2 سالہ بچہ محمد حسیب شہید ہوگیا جبکہ بروہ ،چری کوٹ اوررکھ چکری سے ایک خاتون سمیت 4شہری زخمی ہوگئے جن میں ایک 72 سالہ شہری بھی شامل ہے،زخمیوں کوعلاج کیلئے قریبی طبی مراکزمنتقل کردیا گیا ہے ۔