شہباز شریف آج نیب طلبی پر پیش نہیں ہوئے

شائع 17 اپريل 2020 01:46pm
فائل فوٹو

 پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف آج نیب طلبی پر پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے اپنا تحریری جوب نیب میں جمع کرایا ہے۔ نیب لاہور نے شہباز شریف کو آج منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کےسربراہ شہباز شریف نےنیب کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ نیب کی حراست میں جسمانی ریمانڈ کے دوران ان سے آمدن ذرائع سمیت وسیع پیمانے پر تفتیش کی گئی۔ دوران تفتیش انہوں  نے نیب کو تمام مطلوبہ اور موجود معلومات فراہم کر دی تھیں۔ جب بھی انہیں طلب کیا گیاانہوں  نے نیب سے مکمل تعاون کیا۔  نہ صرف پیش ہوئے بلکہ جوابات بھی دیے۔ انکے تمام اثاثہ جات کا ریکارڈ ڈیکلئرڈ اور متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہے۔ اس وقت انکی  عمر 69 سال ہے اور وہ کینسر کے مریض ہیں، جس کی وجہ سے انکی قوت مدافعت انتہائی کم ہے۔ انہیں ڈاکٹروں نے سختی سے تاکید کی ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ جان لیوا صورتحال میں باہر نہ نکلیں۔ اس کے علاوہ نیب کا طلب کردہ ریکارڈ  بھی لاک ڈاون کی وجہ سے موجود نہیں ہے۔ لہذا ان کی طلبی لاک ڈاون کے خاتمے اور ڈاکٹروں کی آئندہ رائے تک موخر کی جائے۔