امریکی فضائیہ کے دو فائٹر جیٹس کرتب کے دوران آپس میں ٹکرا گئے
امریکا میں ہونے والے ایک ایئر شو کے دوران دو جنگی طیارے فضا میں آپس میں ٹکرا گئے ہیں تاہم خوش قسمتی سے طیاروں میں موجود عملے کے تمام چاروں ارکان محفوظ رہے۔
امریکی نیوی کے ایک ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ جب یہ حادثہ پیش آیا تو دونوں طیارے فضا میں کرتب دکھا رہے تھے اور عملے نے وقت پر طیاروں سے کامیابی کے ساتھ باہر نکل کر خود کو محفوظ کیا۔
یہ ڈرامائی واقعہ اتوار کے روز امریکی ریاست ایڈاہو میں ماؤنٹین ہوم ایئر فورس بیس کے قریب منعقد ہونے والے گن فائٹر اسکائیز ایئر شو کے دوسرے اور آخری دن پیش آیا۔
حادثے کے فوراً بعد طیاروں میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے فوجی بیس کو کچھ دیر کے لیے بند کر دیا گیا اور ایئر شو کی باقی تمام سرگرمیاں منسوخ کر دی گئیں۔
ماؤنٹین ایئر فورس بیس گن فائٹرز نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری ایک باقاعدہ بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث فضائی عملے کے تمام ارکان کی حالت مستحکم ہے۔
انہوں نے ایئر شو میں آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اپنے تمام مہمانوں کے صبر اور ہمدردی کے شکر گزار ہیں جس کی بدولت ہمیں اس واقعے پر فوری اور محفوظ طریقے سے ردِعمل دینے کا موقع ملا۔
امریکی نیوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پائلٹس اور عملے کے ارکان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز ان کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔
اس ایئر شو کے انتظامات میں مدد کرنے والی تنظیم سلور ونگز آف ایڈاہو کے نمائندے کم سائکس نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ اس حادثے کے نتیجے میں ملٹری بیس پر موجود کسی بھی دوسرے شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والے دونوں طیارے ’ای اے 18 جی گرافلر‘ ماڈل کے تھے، جن کا تعلق امریکی ریاست واشنگٹن کے الیکٹرانک اٹیک اسکواڈرن سے تھا۔
امریکی نیوی کے مطابق یہ انتہائی جدید اور مہنگے طیارے ہیں اور اس طرح کے ایک سنگل جنگی طیارے کی قیمت تقریباً 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے قریب ہوتی ہے۔
اس حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ گن فائٹر اسکائیز ایئر شو اس سے قبل سال 2018 میں منعقد کیا گیا تھا اور اس وقت بھی ایئر شو کے دوران ایک گلائیڈر پائلٹ ایک حادثے کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا، جس کے بعد اب دوبارہ اس شو کے دوران یہ بڑا حادثہ پیش آیا ہے تاہم اس بار کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔












