لیجنڈاداکارمحمدعلی کو مداحوں سے بچھڑے 10برس بیت گئے

شائع 19 مارچ 2016 07:28am

mohamad-ali

لاہور:پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے دس برس بیت گئے، بہترین اداکاری کے باعث تمغہ امتیاز سمیت کئی ایوارڈز انہوں نے اپنے نام کئے۔

انیس اپریل انیس سو تیس کو ہندوستان کے شہر رام پور میں آنکھ کھولنے والے محمد علی نے اپنے کیریئر کا آ غاز ریڈیو پاکستان حیدر آباد سے کیا، انیس سو باسٹھ میں انہوں نے فِلم ''چراغ جلتا رہا'' سے بطور ولن اپنا فلمی سفر شروع کیا۔

اداکار محمد علی نے بحیثیت ہیرو فلم ''شرارت'' میں پہلی بار کام کیا جس کے بعد انیس سو چونسٹھ میں فلم ''خاموش رہو'' نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا،، محمد علی نے اپنے کیریئر میں دو سو پچھہتر سے زائد مختلف زبانوں میں بننے والی فلموں میں کام کیا۔

محمد علی وہ واحد اداکار ہیں جنہیں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہی امتیاز سے نوازا گیا،شہنشاہ جذبات نے تمغہ حسنِ کارکردگی اور دس نگار ایوارڈز سمیت ہندوستان کی جانب سے نوشاد ایوارڈ بھی اپنے نام کیا،انیس مارچ دوہزار چھ کو محمد علی اس جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ دوہزار دس میں ان کا نام ایشیا کے پچیس عظیم فنکاروں میں شامل کیا گیا۔