پاناما لیکس ،پی ٹی آئی کے تحریک کیلئے وکلاء تنظیموں سے رابطے

شائع 20 اپريل 2016 05:31pm
qureshi_image فائل فوٹو

لاہور :پاناماکس پر تحریک انصاف کی مختلف تنظیموں و پارٹیوں سے حمایت حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں،سپریم کورٹ بار کے بعد پنجاب بار کونسل نے بھی حکومت مخالف تحریک کا حصہ بننے کی پیشکش کو وکلاء تنظیموں کی مشاورت سے مشروط کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی، شفقت محمود اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے پنجاب بار کونسل کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہیں پاناما لیکس پر قانونی موٴقف اپناتے ہوئے حکومت مخالف تحریک میں شرکت کی دعوت دی۔

ملاقات کے دوران طے پایا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور وکلاء تنظیموں کو متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاناما لیکس کا معاملہ صرف اسلام آباد تک محدود نہیں بلکہ دنیا میں اس پر بحث ہو رہی ہے۔ حکمرانوں کی طرف سے اثاثے چھپانے اور کرپشن کے خلاف تحریک وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد حسین کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری حکومت یا جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ وکلاء کے نمائندہ کنونشن میں پانامہ لیکس کے حوالے سے تحریک کا حصہ بننے یا نہ بننے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔