ججزنظربندی کیس:جعلی میڈیکل رپورٹ پیش کئےجانےکا انکشاف
سابق صدر کی عارضی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد - فائل فوٹواسلام آباد :اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ججز نظر بندی کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پرویز مشرف کی جانب سے عدالت میں جعلی میڈیکل رپورٹ پیش کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد عدالت نے ملزم کی عارضی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔
ججز نظر بندی کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے کی،سابق صدر کی طرف سے ان کے وکیل اختر شاہ اور پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش عدالت میں پیش ہوئے،ملزم کے وکیل نے نئی میڈیکل رپورٹ اور حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی جس کے بعد پراسیکیوٹر اور ملزم کے وکیل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
عدالت نے ملزم کے وکیل سے سوال کیا کہ ملزم کس تاریخ کو باہر گیا، وکیل کا کہنا تھا کہ اس بارے میں سرکار ہی بتائے گی، عدا لت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کی نئی میڈیکل رپورٹ جعلی ہے،مشرف مارچ میں بیرون ملک گئے جبکہ اپریل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی،پرویز مشرف نے عدالتوں کو مذاق بنایا ہوا ہے،اجازت لیے بغیر باہر بھاگ گئے۔
عدالت نے سابق صدر کی عارضی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے سماعت بیس مئی تک ملتوی کر دی، سابق صدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار ہیں۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔