پاناما لیکس:ٹی او آرز کسی صورت تبدیل نہیں ہوں گے، زاہد حامد

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2016 05:40am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:اپوزیشن کتنا بھی شور کرتی رہے لیکن حکومت بھی ڈٹ گئی ہے، صرف وزیراعظم اور ان کے خاندان کا نہیں، احتساب ہوگا توسب کا ہوگا، وفاقی وزیرقانون نے واضح کردیا کہ پاناما لیکس کےمجوزہ کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس کے ذریعے کمیشن کو تمام اختیارات دیے گئے ہیں، یہ ٹی اوآرز کسی بھی صورت تبدیل نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے وفاقی وزیرقانون زاہد حامد نے دوٹوک کہہ دیا کہ ٹی او آرز کے ذریعے کمیشن کو تمام اختیارات دیے ہیں اب ان ٹی آر اوز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اب سیاست کرنے کو کچھ نہیں رہا اس لئے شور مچایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن بھی حکومتی ٹی اوآرز ماننے پر تیار نہیں تمام بڑی جماعتوں متفق ہیں کہ ٹی او آرز ان کی مشاورت سے بنیں اور احتساب صرف وزیراعظم اور ان کے خاندان کا ہی ہو۔

اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے کرپشن کیخلاف اپنی عملی جدوجہد کا آغاز کردیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی بھی ایم کیو ایم اور ق لیگ سمیت دیگر جماعتوں کو اپنے موقف پر قائل کرنے کیلئے سرگرم ہے۔