سندھ حکومت کواسٹیل ملزکی خریداری کیلئے10جون تک مہلت

اپ ڈیٹ 08 جون 2016 08:52am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی:وفاقی حکومت نے پاکستان  اسٹیل ملز کی خریداری  کیلئے سندھ حکومت کو 10 جون تک مہلت دے دی ۔ 

ذرائع کے مطابق، مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے سندھ کو آگاہ کیا ہے کہ اگر 10 جون تک پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کے حوالے سے کوئی حتمی جواب نہ دیا تو پی ایس ایم کے مستقبل کا فیصلہ وفاقی حکومت خود کرے گی۔

 ذرائع کے مطابق، وفاقی حکومت نے سندھ کو اسٹیل ملز کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے کافی وقت دیا، تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی مالی مراعات نہ ملنے کے باعث صوبائی حکومت پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کر رہی۔

 یاد رہے اکتوبر 2015 میں وفاق نے اسٹیل ملز کے تمام واجبات اور اثاثوں کے ساتھ فروخت کے لئے سندھ حکومت کو پیش کش کی تھی اور جنوری 2016 تک پیش کش قبول کرنے یا نہ کرنے کا وقت دیا تھا، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہ آسکا۔